کوئٹہ : فائرنگ کے واقعات ، جاں بحق افراد کی تعداد 9 ہوگئی، 10 زخمی

Quetta

Quetta

کوئٹہ (جیوڈیسک) کوئٹہ میں آج صبح فائرنگ کے 2مختلف واقعات میں 7 افراد جاں بحق ہوئے، ان واقعات کے بعد شہر کے مختلف علاقوں میں مشتعل افراد کے احتجاج اور ہوائی فائرنگ کے نتیجے میں 2 مزید افراد جاں بحق اور 10 زخمی ہوگئے۔ کوئٹہ کے نواحی علاقے ہزار گنجی میں آج صبح 2 مختلف واقعات میں موٹر سائیکل پر سوار نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے 7 افراد کو جاں بحق کردیا، جاں بحق افراد کی لاشوں کو بولان میڈیکل اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں ان کے لواحقین اور ہزارہ برادری سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد پہنچ گئی۔

انہوں نے اسپتال کے قریب بروری روڈ، فیصل ٹاون اور ملحقہ علاقوں میں شدید احتجاج کیا اور حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔ مظاہرین نے احتجاجا بروری روڈ بھی آمد و رفت کیلئے بند کردیا۔ مظاہرین بروری روڈ کے علاوہ ملحقہ فیصل ٹاون، رئیسانی اسٹریٹ اور دیگر علاقو ں میں بھی پھیل گئے جہاں انہوں نے ہوائی فائرنگ کی، مشتعل افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں 2راہگیر جاں بحق اور 10 دیگر افراد زخمی ہوگئے۔ جاں بحق ہونے والے افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو بی ایم سی اسپتال اور سی ایم ایچ منتقل کردیاگیا۔

مشتعل افراد نے بی ایم سی اسپتال میں موجود ڈاکٹروں اور طبی عملے پر تشدد بھی کیا، ان کے احتجاج کے باعث علاقہ میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ دوسری جانب ہزارگنجی میں فائرنگ کے واقعات کے خلاف ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے زیراہتمام آئی جی پولیس کے دفتر کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیاگیا، اس موقع پر مظاہرین نے شدید نعرے بازی بھی کی۔ ہزار گنجی کے واقعات کے خلاف چیف آف ہزارہ قبائل سردارسعادت ہزارہ، ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی اوردیگر شیعہ تنظیموں کی جانب سے کل اتوار کو شٹر ڈاون ہڑتال کی اپیل کی گئی ہے جبکہ واقعات کے خلاف 7 روزہ سوگ کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔