یورپ: شدید برف باری سے کئی ممالک میں نظام زندگی مفلوج

Snowfall

Snowfall

یورپ(جیوڈیسک)یورپ میں شدید برف باری سے کئی ممالک میں نظام زندگی مفلوج ہو گیا۔ سربیا میں ہزاروں مسافر سڑکوں پر پھنس گئے۔

یورپ یوں تو ہر سال برف کی چادر اوڑھ لیتا ہے اور دنیا بھر سے سیاح ان حسین نظاروں کو دیکھنے کیلئے مختلف ممالک کا رخ کرتے ہیں۔ لیکن اس سال برف باری کا آغاز ہوتے ہی یورپ کے کئی ممالک میں پچھلے تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے ہیں۔ رومانیہ میں تو درجہ حرارت منفی 17 سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا اور برف باری ہوئی بھی تو انتخابات کے دن، جس سے پولنگ اسٹیشنوں پر ووٹروں کی تعداد کم رہی جبکہ کئی شہروں میں پولنگ ہی ملتوی کر دی گئی۔

سربیا میں بھی اس برس برف باری کے تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے۔ موٹر ویز بند ہونے سے سڑکوں پر پھنسے لاکھوں مسافر امداد کے منتظر ہیں۔ ان افراد کو بچانے کیلئے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ تاہم اب تک کئی علاقوں تک ہیلی کاپٹروں سے بھی رسائی ممکن نہیں ہے۔

برف باری میں پھنسے مسافروں میں اب تک 2 افراد ہلاک جبکہ سینکڑوں زخمی ہیں۔ حکام نے ہلاکتوں کی تعداد بڑھنے کا خدشہ ہے۔ جرمنی میں بھی برف باری سے نظام زندگی مفلوج ہو گیا ہے جبکہ فرینکفرٹ سمیت متعدد شہروں کے ایئر پورٹ بھی بند رہے۔