قاہرہ : محمد مرسی کے حامیوں اور مخالفین میں فائرنگ، 8 افراد ہلاک

Cairo

Cairo

قاہرہ (جیوڈیسک) مصر کے معزول صدر مرسی کی باقاعدہ گرفتاری کے بعد ان کی حمایت اور مخالفت میں دوبارہ مظاہرے شروع ہوگئے ہیں۔ قاہرہ کے تحریر اسکوائر پر فوج کی حمایت میں لاکھوں افراد کا مظاہرہ جاری ہے۔ عرب ٹی وی کے مطابق اسکندریہ میں مرسی کے حامیوں اور مخالفین کے درمیان جھڑپوں میں 8 افراد ہلاک اور درجنوں افراد زخمی ہو گئے۔ محمد مرسی پر جیل توڑنے اور پولیس افسروں کے قتل میں فلسطینی تنظیم حماس کی مدد کے الزام میں مقدمہ چلایا جا رہا ہے۔

محمد مرسی پر مقدمے کے خلاف ان کے ہزاروں حامی قاہرہ اور اسکندریہ سمیت مختلف شہروں میں سڑکوں پر نکل آئے۔ دوسری جانب مصری فوج کے سربراہ کی اپیل پر فوج کی حمایت میں بھی مظاہرے شروع ہو گئے ہیں۔ اسکندریہ میں مرسی کے حامیوں اور مخالفین میں مسلح جھڑپوں میں 8 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے۔

فوج سے اظہار یک جہتی کے لیے قاہرہ کے تحریر اسکوائر پر ایک بار پھر لاکھوں افراد نے پڑاو ڈال لیا ہے جبکہ مرسی اور اخوان المسلمون کے حامی قاہرہ کی مرکزی مسجد کے باہر جمع ہیں۔ قاہرہ میں بھی مرسی کے حامیوں اور مخالفین میں پر تشدد جھڑپیں ہوئیں جن میں کئی افراد زخمی ہو گئے۔