عوام بہتر زندگی کی تلاش میں ہمت نہ ہاریں: پوپ فرانسس

Pope Francis

Pope Francis

ریو ڈی جینرو (جیوڈیسک) ریو ڈی جینرو عیسائیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس نے اپنے عقیدت مندوں پر زور دیا ہے کہ وہ مادہ پرستی سے نکلیں۔ برازیل کے علاقے کوپا کوبانا میں مسیحی نوجوانوں کی ورلڈ یوتھ ڈے کانفرنس سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ نوجوانوں آپ لوگوں کے اندر ناانصافی سے متعلق ایک خاص حساسیت موجود ہے تاہم آپ کو اکثر ایسے لوگوں کی بدعنوانیوں سے متعلق حقیقتیں ناامید کر دیتی ہیں جو بھلائی کے مقابلے میں اپنے ذاتی مفاد کو آگے رکھتے ہیں۔

انہوں نے مجمع کے شرکا اور دنیا بھر کے دیگر لوگوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ حوصلہ رکھیں، بھروسہ رکھیں اور امید نہ کھوئیں۔ حالات اور لوگ بدل سکتے ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ یسوع مسیح کو اپنی زندگی کا محور بنائیں۔ غریبوں کو تسلی دیتے ہوئے کہا کہ وہ بہتر زندگی کی تلاش میں ہمت نہ ہاریں۔ پوپ فرانسس نے منشیات فروشوں کے خلاف پولیس کے آپریشن کی جانب اشارہ کرتے ہوئے اپنے خطاب میں کہا کہ سکیورٹی اقدامات غربت کے خاتمے کا علاج نہیں۔ انہوں نے معاشرے میں انصاف کی ضرورت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ کوئی معاشرہ جہاں افراد کو الگ تھلگ کر دیا جائے، خوشحال نہیں رہ سکتا۔

ریو کی کچی بستیوں کے رہائشی اپنے درمیان کیتھولک مسیحیوں کی سب سے معتبر مذہبی شخصیت کو دیکھ کر انتہائی خوش دکھائی دے رہے تھے۔ پوپ کو خوش آمدید کہنے کے لیے بڑے بڑے بینر سجائے گئے تھے۔ پوپ وہاں کچھ لوگوں کے گھر کے اندر جاکر بھی لوگوں سے ملے۔ اپنے دورہ برازیل کے چوتھے روز انہیں اس پرہجوم شہر کا یہ دوسرا رخ دیکھنے کو ملا۔ اپنے سکیورٹی عملے کے مشورے کے برعکس پوپ فرانسس ایک کھلی چھت والی گاڑی میں ریو کی شمالی کچی آبادی گئے جہاں وہ گلیوں میں گھومے، مجمعے کے شرکا سے ہاتھ ملاتے رہے اور بچوں کو پیار کرتے رہے۔