تقریب حلف برداری: نومنتخب صدر جوبائیڈن اور کاملہ ہیرس واشنگٹن پہنچ گئے

Joe Biden

Joe Biden

واشنگٹن (اصل میڈیا ڈیسک) امریکا کے نومنتخب صدر کی حلف برداری کا لمحہ آگیا جس کے لیے جو بائیڈن اور نومنتخب نائب صدر کاملاہرئس واشنگٹن پہنچ گئے۔

نومنتخب صدر کی حلف برداری پاکستانی وقت کے مطابق آج شب ساڑھے 9 بجے ہوگی جس کے بعد وہ قوم سے خطاب کریں گے اور صدر مختلف شعبوں میں اہم اقدامات کااعلان کریں گے۔

حلف برداری میں تارکین وطن کے لیے 8 سالہ امریکی شہریت کے بل کا اعلان کیا جائے گا جب کہ ایک کروڑ 10 لاکھ افراد کو بغیر کسی قانونی حیثیت کے شہریت دیے جانے کا امکان ہے۔

حلف برداری کے لیے واشنگٹن ڈی سی میں سکیورٹی سخت کردی گئی ہے، 25 ہزارنیشنل گارڈز تعینات کیے گئے ہیں جب کہ سکیورٹی اہلکاروں کی اسکریننگ کے دوران 12 اہلکاروں کو ہٹا دیا گیا جن میں سے دو پر دائیں بازو کے انتہاپسندوں سے تعلق کا الزام ہے۔

نومنتخب امریکی صدر جوبائیڈن نےکورونا سے ہلاک 4لاکھ امریکیوں کی یادگاری تقریب میں شرکت کی۔

جوبائیڈن کا کہنا ہے کہ زخموں کو مندمل کرنے کے لیے ہمیں ان افراد کو یاد رکھنا ہوگا جو وبا کا شکار ہوئے، یہ عمل بعض اوقات تلخ ہوتا ہے مگر اسی طرح ہم زخموں کو مندمل کرسکتے ہیں، غروب آفتاب سے طلوع صبح تک لائٹیں روشن کرکےان تمام لوگوں کو یاد کریں جنہیں ہم نے کھودیا۔

عالمی وبا سے ہلاک افراد کی یاد میں نیویارک کی اہم عمارتیں پربھی سرخ لائٹیں روشن کی گئیں۔