کے پی کے : محکمہ ایکسائز کی کارکردگی بہتر بنانے کا فیصلہ

Peshawar

Peshawar

پشاور (جیوڈیسک) محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کی کارکردگی بہتر بنانے کے لئے جزا و سزا کا نظام متعارف کرانے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ سندھ کی طرز پر خیبر پختون خوا کے مختلف اضلاع میں بھی ایکسائز پولیس اسٹیشن قائم کئے جائیں گے۔ وزیر اعلی خیبر پختون خوا کے مشیر برائے ایکسائز و ٹیکسشن کی طرف سے جاری اعلامیہ کے مطابق ایکسائز پولیس کے تمام عملہ کو باقاعدہ یونیفارم میں رہنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔

ڈپوٹیشن پر دیگر محکموں اور شخصیات کے ساتھ سیکیورٹی ڈیوٹی پر مامور اہلکاروں کو واپس بلا لیا گیا۔ افسروں کی پٹرولنگ کے دوران ذاتی گاڑی کا استعمال ممنوع قرار دیدیا گیا۔ موبائل سکواڈ کی قیادت انسپکٹر رینک کا افسر ہی کر سکے گا۔ اعلامیہ کے مطابق صوبے کے مختلف اضلاع میں مال خانے قائم کئے جائیں گے۔ تمام شولڈر پروموشنز ختم کردی گئیں اور سٹاف کی کارکردگی بہتر بنانے کے لئے جزا و سزا کا نظام متعارف کرایا جائے گا۔