مصر : جھڑپوں کے دوران 42 افراد ہلاک، 100 سے زائد زخمی

Egypt Killing

Egypt Killing

قاہرہ (جیوڈیسک) مصر میں معزول صدر محمد مرسی کے حامیوں اور مخالفین کی جھڑپوں میں بیالیس افراد ہلاک اور سو سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔ اخوان المسلمین کے مرکزی رہنما خیرات الشاطر کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ سینائی میں فوج کی حمایت کرنے والے عیسائی پادری کو ہلاک کر دیا گیا۔ اقوام متحدہ نے مصری فوج سے کہا ہے وہ مظاہرین پر گولی چلانے سے باز رہے۔

مرسی حکومت کے خاتمے کے خلاف اخوان المسلمین کا ملک گیر احتجاج جاری ہے۔ قاہرہ، ال نصر، اسکندریہ اور پورٹ سعید میں ہزاروں افراد نے دوسرے دن بھی احتجاجی ریلیاں نکالیں۔ مرسی کے حامیوں اور مخالفین کی جھڑپوں میں بیالیس افراد ہلاک اور سو سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔ سینائی میں اخوان المسلمین کے کارکنوں پر نماز کی ادائیگی کے دوران فائرنگ کی گئی جس سے چالیس افراد زخمی ہو گئے۔

مسلح افراد نے فوج کے حامی عیسائی پادری کو فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا ہے۔ عبوری حکومت نے تمام بڑے شہروں میں فوج تعینات کر دی ہے۔ مظاہروں میں ہلاک ہونے والوں کی اجتماعی نماز جنازہ ادا کی گئی جس میں لاکھوں افراد نے شرکت کی۔

دینی درسگاہ جامع الازہر کے علمانے فوج سے مطالبہ کیا ہے کہ مرسی کو رہا اور ٹی وی نشریات بحال کی جائیں۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے مصری فوج سے کہا ہے وہ مظاہرین پر گولی چلانے سے باز رہے۔