ایران کے دباؤ کے سبب خطے سے ہر گز کوچ نہیں کریں گے : امریکی مرکزی کمان

Kenneth Mackenzie

Kenneth Mackenzie

عراق (اصل میڈیا ڈیسک) امریکی فوج کی مرکزی کمان کے کمانڈر کینتھ میکنزی کا کہنا ہے کہ ایران ،، عراق سے امریکی افواج کے انخلا کے لیے دباؤ ڈال رہا ہے۔

امریکی اخبار The Washington Post کو دیے گئے انٹرویو میں انہوں نے باور کرایا کہ امریکا ایرانی دباؤ کے سبب خطے سے ہر گز کوچ نہیں کرے گا۔

میکنزی عراق میں امریکی ٹھکانوں پر جاری راکٹ حملوں کے حوالے سے تبصرہ کر رہے تھے۔

امریکی مرکزی کمان کے کمانڈر کے نزدیک ایران اور اس کے علاوہ عراق میں تہران کے ایجنٹس یہ حملے کر رہے ہیں کیوں کہ وہ سیاسی میدان میں کامیاب نہیں ہو سکے۔

میکنزی نے ایرانی اثرات سے نمٹنے کے لیے عراقی حکومت کی جانب سے کی جانے والی کوششوں کی تعریف کی۔

عراق میں العربیہ کے نمائندے نے گذشتہ روز بتایا کہ جمعرات کو علی الصبح عراقی دارالحکومت بغداد میں امریکی سفارت خانے کے نزدیک 4 کیٹوشیا راکٹ آ کر گرے۔

اس دوران عراقی دارالحکومت کے حساس ترین علاقے گرین زون میں دھماکوں کی آوازیں بھی سنی گئیں۔ ادھر العربیہ کے ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ راکٹ حملے کے بعد گرین زون پر فوجی ہیلی کاپٹروں کی پروازیں دیکھنے میں آئیں۔

مذکورہ ذرائع نے بتایا کہ یہ راکٹ بغداد میں الرشید عسکری کیمپ کے علاقے سے داغے گئے۔

واضح رہے کہ کئی ماہ سے عراق میں ان فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے جہاں امریکی فوجی مقیم ہیں۔ اس کے علاوہ بغداد میں امریکی سفارت خانہ بھی بار بار ہونے والے راکٹ حملوں کی زد میں آ رہا ہے۔

رواں سال جنوری میں بغداد ہوائی اڈے پر امریکی فضائی یلغار میں ایرانی القدس فورس کے کمانڈر قاسم سلیمانی کے مارے جانے کے بعد سے ان حملوں میں تیزی آ گئی ہے۔