خیبر ایجنسی کے حلقہ این اے 46 کے 21 پولنگ اسٹیشنز پر آج دوبارہ پولنگ ہوگی

Polling Khyber Agency

Polling Khyber Agency

پشاور (جیوڈیسک) خیبر ایجنسی کے حلقہ این اے 46 میں 21پولنگ اسٹیشنز میں آج دوبارہ الیکشن ہو رہا ہے۔ ان پولنگ اسٹیشنز پر ووٹرز لسٹوں میں بے قاعدگیوں اور ہنگامہ آرائی کے باعث پولنگ ملتوی کر دی گئی تھی۔ خیبر ایجنسی کے حلقہ این اے 46 کی 21 پولنگ اسٹیشنز پر 5 جون کو دوبارہ الیکشن ہو رہا ہے، جس میں 63468 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کر سکیں گے۔

11 مئی کے عام انتخابات کے روز ووٹرز لسٹوں میں بڑے پیمانے پر بے قاعدگیاں اور ہنگامہ آرائی کے باعث پولنگ ملتوی کر دی گئی تھی جس سے 63468 وٹرز رائے دہی سے محروم رہ گئے تھے۔ ریٹرننگ آفیسر ناصر خان کے مطابق حلقہ این اے 46 میں کل 24 امیدوار میدان میں ہیں۔ 33 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج کے مطابق آزاد امیدوار حمیداللہ جان آفریدی 1683 ووٹ لیکر پہلی پوزیشن پر ہیں جبکہ آزاد امیدوار ناصر خان 1640 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔

ری پولنگ کیلئے تحصیل جمرود میں سخت حفاظتی اقدامات کئے گئے ہیں۔ ہر پولنگ اسٹیشنز پر دس، دس لیویز اور دس،دس ایف سی اہلکار تعینات ہوں گے۔ خیبر ایجنسی کے حلقہ این اے 46 میں مرد و خواتین کی کل رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 161727 ہے تاہم امن وامان کی مخدوش صورتحال کے باعث 11 مئی کے پولنگ میں پولنگ شرح چار فیصد سے بھی کم رہا۔