کوٹلہ میں خاتون سمیت دو افراد قتل

کوٹلہ ارب علی خاں (جی پی آئی)تھانہ ککرالی کے گائوں چڑیاولہ کے رہائشی محمد اصغر اور اس کی بیٹی مدعیہ اصغر کو اندھا دھند فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا ،مقتول کے بیٹے شجاعت اصغر کی رپورٹ پر مقدمہ درج کر لیا گیا۔تفصیلات کے مطابق شجاعت اصغر نے بتایا کہ میرا والد محمد اصغر میری بہن کو اپنے موٹر سائیکل ہنڈا 125نمبری GTL6156پر سکول سے گھر لا رہا تھا میری بہن گورنمنٹ بوائز سکول سرسالہ میں ٹیچر تھی۔

میرا والد اور میری بہن جونہی گائوں میں داخل ہوئے تو پہلے سے گھات لگائے ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کر دی ۔جس سے میرا والد اورمیری بہن موقع پر ہی دم توڑ گئے۔شجاعت اصغر نے بتایا کہ ملزمان نے کچھ عرصہ قبل میرے والد اور والدہ کو قتل کرنے کی نیت سے گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کی تھی لیکن میرے والد اور والدہ معجزانہ طور پر محفوظ رہے جس کا مقدمہ تھانہ ککرالی میں درج ہوا لیکن پولیس نے ملزمان کو گرفتار نہ کیا۔اگر پولیس پہلے ملزمان کو گرفتار کر لیتی تو شاید یہ وقوعہ نہ ہوتا۔

شجاعت اصغر نے بتایا کہ وجہ عناد یہ ہے کہ چوہدری اجمل کی بیٹی کچھ عرصہ قبل چڑیاولہ سے امریکہ چلی گئی تھی ملزمان کو یہ شبہ ہے کہ میں نے چوہدری اجمل کی بیٹی کو امریکہ جانے میں مدد کی ہے،حالانکہ وہ امریکن نیشنلٹی ہولڈر تھی۔امریکہ جانا یہ نا جانا اس کا ذاتی معاملہ ہے ۔چوہدری شجاعت اصغر نے بتایا کہ میرے والد نے چیف جسٹس آف سپریم کورٹ،چیف جسٹس آف ہائی کورٹ،وزیر اعلی پنجاب ، آئی جی پنجاب ،ڈی پی او گجرات ،سمیت تمام ارباب اختیار کو یہ درخواستیں دے رکھی تھیں کہ میری ،میری بیوی ،بیٹیوں اور بیٹے کی زندگی کو ملزمان سے خطرہ ہے۔

لیکن پولیس نے ارباب اختیار کی نوٹس لینے کے باوجود ہمیں تحفظ فراہم نہیں کیا ۔ملزمان مسلح ہو کر علاقہ میں سر عام دندناتے رہے۔ملزمان نے بے دردی سے میرے باپ اور میری بہن کو قتل کیا ہے ملزمان کے خلاف کارروائی کی جائے اور ہمیں تحفظ فراہم کیا جائے۔