مرسی کی خودکشی کی افواہیں، اخوان کے مزید دو راہنما گرفتار

Egytian Situation

Egytian Situation

قاہرہ (جیوڈیسک) سوشل ذرائع پر مرسی کی خودکشی کی افواہیں گردش کرنے لگیں ، اخوان نے کہہ دیا یہ سابق صدر کو قتل کرنے کی سازش کا حصہ ہے۔ مصری خبر ایجنسی کے مطابق معزول صدر محمد مرسی نے پیر کی رات جیل میں چاقو سے خود کشی کی کوشش کی،لیکن فوجیوں نے انہیں بچا لیا، مرسی کی حامی جماعت اخوان المسلمون کہتی ہے کہ ان اطلاعات کو پھیلا کر سابق صدر کو جیل میں قتل کرنے کی سازش کی جارہی ہے، کیونکہ سچا مسلمان کبھی خود کشی نہیں کرسکتا، محمد مرسی کی نظر بندی کل مزید 15 دن بڑھا دی گئی ہے۔

مصر میں ایک ہفتے قبل شروع ہوئے خونی کریک ڈان میں تقریبا ایک ہزار افراد ہلاک ہوئے اور ہزاروں زخمی ہوئے ،ترک وزیراعظم طیب اردگان کا کہنا ہے کہ محمد مرسی حکومت کا تختہ الٹنے اور ہنگاموں میں اسرائیل کا ہاتھ ہے کیونکہ مغربی ممالک انتخابی نتائج سے خوش نہیں۔ طیب اردگان نے کہاکہ مصری انتخابات سے قبل فرانسیسی وزیرانصاف نے کہا تھا کہ اگر اخوان المسلمون جیت بھی گئی تو اسے تسلیم نہیں کیا جائے گا۔

کیونکہ جمہوریت کوئی بیلٹ باکس نہیں ہے۔ ادھر مصری حکام نے اخوان المسلمون کی حامی جماعت کے رہنما صفوت حجازی کولیبیا جاتے ہوئے اور ترجمان مراد علی کواٹلی فرار ہوتے ہوئے ائیر پورٹ سے حراست میں لے لیا ہے۔