نئے وزرا آج منصب سنبھالیں گے، صدر زرداری حلف لیں گے

President Zardari

President Zardari

اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد وفاقی کابینہ کی حلف برداری آج سہ پہر ایوان صدر میں ہو گی، صدر زرداری وزرا سے حلف لیں گے۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کی طرف سے جن وفاقی وزارتوں کے قلمدانوں کو حتمی شکل دی گئی ہے اور متعلقہ وزرا کو بھی آگاہ کیا جا چکا ہے ان میں سینیٹر اسحاق ڈار وفاقی وزیر خزانہ اور چوہدری نثار وزیر داخلہ ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق خواجہ آصف وفاقی وزیر پانی و بجلی، شاہد خاقان عباسی وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل ، پرویز رشید وفاقی وزیر اطلات و نشریات اور طارق فاطمی وزارت خارجہ کے مشیر کا قلمدان سنبھالیں گے۔ کابینہ کا حصہ بننے والے دیگر متوقع وفاقی وزرا اپنی وزارتوں کے بارے میں جاننے کے لیے تا حال ہاتھ پاوں مار رہے ہیں۔ انہی میں سے ایک متوقع وزیر نے ذرائع کے رابطہ کرنے پر بتایا کہ اس بار وزیراعظم میاں نواز شریف نے پارٹی کے سینئر رہنماوں سے بھی روایتی مشاورت نہیں کی اور وزارتوں کے قلمدانوں کا فیصلہ کسی کی پسند نا پسند کی بجائے خود کیا ہے۔

متوقع وفاقی وزرا میں زاہد حامد، احسن اقبال، خواجہ سعد رفیق، رانا تنویر، راجہ ظفر الحق، خرم دستگیر، بلیغ الرحمان، سردار یوسف، کامران مائیکل، عبد القادر بلوچ، سائرہ افضل تارڑ، مسلم لیگ ف کے صدر الدین راشدی اور نیشنل پیپلز پارٹی کے غلام مرتضی جتوئی شامل ہیں۔ وفاقی کابینہ کے ارکان سے صدر آصف زرادری حلف لیں گے جبکہ وزیر اعظم میاں نواز شریف بھی اس موقع پر موجود ہوں گے۔