پشاور میں علامہ عالم موسوی کی شہادت سیکورٹی اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے، علامہ ناصر عباس

اسلام آباد : ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری نے شہید قائد علامہ عارف حسینی کے رفیق خاص ممتاز عالم دین علامہ عالم موسوی کی مظلوما نہ شہادت پر شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے اسے ملک بھر میں جاری شیعہ اکابرین کی ٹارگٹ کلنگ کی ورداتوں کا تسلسل قرار دیا ہے، ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹریٹ سے جاری ہونیوالے ایک مذمتی بیان میں ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ علامہ عالم موسوی کی مظلومانہ شہادت حکومت اور سیکورٹی اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔

کراچی ، کوئٹہ ، لاہور اور پشاور سمیت پورے ملک میں قتل و غارت گری کا بازار گرم ہے اور حکمران سفاک قاتلوں کے خلاف کوئی فیصلہ کن اقدام اٹھانے کو تیار نہیں ،یہ صورتحا ل زیادہ دیر نہیں چلے گی ، حکمرانوں کو طالبان نواز پالیسیاں ختم کر کے دہشت گردوں کو ریاستی طاقت کے سا تھ کچلنا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ طالبان کی جانب سے بنوں اور راولپنڈی کے دلخراش سانحات کی ببانگ دہل ذمہ داری قبول کرنے کے بعد چاہیے تو یہ تھا کہ ان کے خلاف فوری کاروائی کی جاتی،لیکن اس کے بر عکس حکمرانوں نے ابھی تک مہر سکوت نہیں توڑی اور بدستوردہشت گردوں سے مذاکرات کی آڑ میں امن کی بھیک مانگ رہے ہیں ، انہوں نے کہا کہ اگر حکمرانوں کو ملکی مفادات عزیز ہیں تو انہیں دہشت گرد وں کو کچلنے کیلئے تما م مصلحتوں کو بالائے طاق رکھ کر فوجی آپریشن کرنا ہو گا۔