پشاور: موسلادھار طوفانی بارش سے چارسدہ روڈ تالاب میں تبدیل ہوگیا

Peshawar

Peshawar

پشاور (جیوڈیسک) پشاور میں موسلادھار طوفانی بارش سے چارسدہ روڈ تالاب میں تبدیل ہوگیا ہے۔ برساتی پانی نے آبادیوں کو نقصان پہنچانا شروع کردیا۔ محکمہ موسمیات نے دوروز تک شدید بارش کی پیشگوئی کردی۔ پشاور سمیت خیبرپختونخوا میں مون سون بارشوں کا سلسلہ شدت اختیار کر گیا ہے۔

چارسدہ سمیت پشاور بھر میں حد نظر پانی ہی پانی ہے۔موسلادھار بارش کے بعدندی نالے اور دریا بپھر گئے ہیں۔ ضلعی انظامیہ کی جانب سے برسانی پانی کی نکاسی کا کام شروع کر دیا ہے تاہم ندی نالے بھر جانے کے باعث کام میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

بارش کا پانی لوگوں کے گھروں میں داخل ہو گیا ہے جبکہ ذرائع آمدورفت بھی بری طرح متاثر ہیں۔ انتظامیہ نے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کردی ہے۔ محکمہ موسمیات نے پشاور سمیت خیبرپختونخوا میں آئندہ دو روز تک گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔