پشاور: متنی میں فائرنگ اور راکٹ حملہ، ڈی پی او کوہاٹ زخمی

Peshawar

Peshawar

پشاور(جیوڈیسک) پشاور کے نواحی علاقے متنی میں فائرنگ اور راکٹ حملے سے ڈی پی او کوہاٹ کے زخمی ہونے کے بعد فائرنگ کے تبادلیمیں چھ پولیس اہلکار جاں بحق ہو گئے۔ڈی پی او کوہاٹ دلاور بنگش کوہاٹ سے پشاور آرہے تھے، متنی کے علاقے غازی آباد میں شدت پسندوں نے ان کی گاڑی کو نشانہ بنایا۔ فائرنگ کی اور راکٹ داغے جس سے ڈی پی او کوہاٹ زخمی ہو گئے۔

پولیس نے جوابی کارروائی کی۔ شدید فائرنگ کے بعد پشاور سے پولیس کی مزید نفری بھی طلب کر لی گئی۔ دوطرفہ فائرنگ کے تبادلے میں چھ پولیس اہلکاروں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔ پولیس اور سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں نے علاقے کو محاصرے میں لے لیا ہے۔

کوہاٹ پولیس کے ترجمان کے مطابق ڈی پی او دلاور بنگش کو سی ایم ایچ کوہاٹ منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔ دوسری جانب پشاور ایئرپورٹ پر نامعلوم سمت سے راکٹ فائر کیا گیا۔ راکٹ ایئرپورٹ کی حدود میں جا گرا جس سے زور دار دھماکہ ہوا۔ تاہم رن وے یا دیگرتنصیبات کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔