ایس ایچ اوتھانہ پیرمحل چوہدری الیاس جٹ کا خاتون پر وحشیانہ تشدد

ٹوبہ ٹیک سنگھ ( ڈسٹرکٹ رپورٹر) ایس ایچ اوتھانہ پیرمحل چوہدری الیاس جٹ کا خاتون پر وحشیانہ تشدد ٹائر کے بنے ہوئے چھتروں سے برہنہ کرکے بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا خاتون کی چیخ وپکار پر تھانہ پیرمحل کے درودیوار ہل گئے کسی ممکنہ کاروائی کے بچنے کے لیے موبائل چوری اور نقصان پہنچانے کی دفعات لگا کر خاتون کو گرفتارکرکے زنجیروں سے باند ھ کر تھانہ کے احاطہ میں چارپائی کے ساتھ باندھ کر قید کردیا تفصیل کے مطابق ریمنڈ ڈیوس کے ہاتھوں قتل ہونے والے مقتول کے بھائی محمد اکرم نے اپنی بیوی گلشن ناز کو طلاق دے کر نئی شادی کرکے اپنی منکوحہ گلشن ناز سے مکان چھین کر بچوں سمیت گھر سے نکال رکھا ہے جس کی درخواست تھانہ پیرمحل میں زیر سماعت ہے گذشتہ شام دونوں فریقین کو ایس ایچ او الیاس جٹ نے بلواکر سماعت کرنا تھی دونوں فریقین تھانہ پیرمحل میں آئے مگر ایس ایچ اوالیاس جٹ نے یہ کہہ کر آج میںنے بیان نہیں سننے دودن بعد آنا دونوں فریق تھانہ کے باہر آگئے اور ایک دوسرے کو سخت نظروں سے دیکھنے لگے اسی اثناء میں محمد اکرم کا ڈرائیور بھاگتاہو ایس ایچ او محمد الیاس کے پاس پہنچا اور شورواویلا کرنے لگا کہ گلشن ناز اس کی گاڑی پر اینٹیں مار رہی ہے جس پر ایس ایچ اوتھانہ پیرمحل نے پانچ کس ملازمین کے ہمراہ تھانہ کے باہر آکر گلشن ناز پر ڈھڈوں مکوں گھونسوں سے بہیمانہ تشدد کرتے ہوئے بالوں سے پکڑ کر گھسیٹتے ہوئے تھانہ کے اندر لے آئے اور ٹائر کے بنے ہوئے چھتر سے برہنہ کرکے گلشن ناز کو بہیمانہ تشدد کیا۔

حوالات میں موجود حوالاتی اور تھانہ پیرمحل میں آئے ہوئے درجنوں افراد خاتون پر بہیمانہ تشدد دیکھتے ہوئے کانوں کو ہاتھ لگاتے رہے خاتون کی چیخ وپکار پر تھانہ کے درودیوار ہل رہے تھے ایس ایچ اوچوہدری الیاس جٹ نے گلشن ناز پر زیر دفعہ 379ت پ موبائل فون چوری زیر دفعہ327ت پ کسی چیز کا نقصان کرنے کا مقدمہ درج کرکے گلشن ناز کے پائوں میں زنجیر باندھ کر چارپائی کے ساتھ باندھ کر تھانہ پیرمحل کے احاطہ میں قید کردیا سارادن خاتون بے یارومددگار تھانہ کے اندر آنے جانے والے افراد کو حسرت بھری نگاہ سے دیکھتی رہی جبکہ گلشن ناز پر تشددکے بعد اس کا خاوند محمد اکرم جوکہ اس مقدمہ کا مدعی بھی ہے کہیں دور دور تک دکھائی نہ دیا ۔