صدر اور کتنے وزرائے اعظم قربان کریں گے: نواز شریف

nawaz sharif

nawaz sharif

لاہور : (جیو ڈیسک) مسلم لیگ ن کے صدر میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ زرداری صاحب قوم کو بتائیں کہ سوئس حکام کو خط لکھنے کی بجائے اور کتنے وزرائے اعظم قربان کریں گے۔ مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس نواز شریف کی زیر صدرات ہوا۔ جس میں وزارت عظمی کے امیدوار کے لئے سردار مہتاب عباسی کے نام کی توثیق کی گئی۔ اجلاس کے بعد نیوز کانفرنس کرتے ہوئے میاں نواز شریف نے کہا کہ ایک وزیر اعظم کو قربان کرنے کے بعد ابھی بھی کہا جا رہا ہے کہ دوسرے وزیر اعظم بھی سپریم کورٹ کے فیصلوں پر عملدرآمد نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ عدلیہ اور پارلیمنٹ کا اپنا مقام ہے، آئین سب سے بڑی دستاویز ہے۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ وہ فوری آزاد اور شفاف عام انتخابات چاتے ہیں اگر ان کے وزیر اعظم کے امیدوار جیت گئے تو وہ فوری عام انتخابات کا اعلان کریں گے۔ نواز لیگ کے صدر نے پیپلز پارٹی کی قیادت پر شدید تنقید کی۔تاہم جب ان سے آشیانہ ہائوسنگ اسکیم سے متعلق سوال کیا گیا تو جواب دینے کے لئے شہباز شریف کو کہ دیا۔ اس سے قبل نیوز کانفرنس میں نواز شریف نے کہا کہ ماضی میں مارشل لا لگتے رہے اور صدر اسمبلیاں توڑتے رہے لیکن شکر ہے کہ اب ایسا نہیں ہو رہا ۔