قاہرہ : فوجی بغاوت کے بعد ملک پولیس اسٹیٹ بن گیا، اخوان المسلمون

Cairo

Cairo

مصر (جیوڈیسک) کے سابق صدر محمد مرسی کی جماعت اخوان المسلمون نے الزام لگایا ہے کہ فوجی بغاوت کے بعد ملک ایک پولیس اسٹیٹ بن گیا ہے اور پولیس بڑی تعداد میں اخوان کے کارکنوں کو گرفتار کر رہی ہے۔

گذشتہ روز ایک پریس کانفرنس میں اخوان المسلمون کے سینیر پارٹی اراکین نے کہا کہ فوجی بغاوت کے بعد اخوانی کارکنوں پر پولیس تشدد کر رہی ہے اور بزرگ رہنماں سمیت بہت سے کارکنوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فوج کیجانب سے حکومت پر قبضہ جمہوریت پر شب خون مارنے کے مترادف ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک میں تیس سالہ آمریت کے بعد ایک قانونی اور آئینی حکومت قائم ہوئی تھی اور محمد مرسی کے بطور صدر انتخاب پر ملک بھر میں خوشیاں منائی گئی تھیں تاہم جمہوریت دشمنوں کو مصری عوام کی خوشیاں پسند نہیں آ ئی۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اخوان کی جمہوریت کیلئے جدوجہد پہلے سے بھی زیادہ جوش اور ولولے سے جاری رہے گی۔ محمد مرسی کو دوبارہ جمہوری عمل کے ذریعے صدر منتخب کرایا جائے گا۔