زلزلے سے زیادہ تباہی ایران میں ہوئی،عمارتیں لرز اٹھیں

Iran

Iran

کراچی(جیوڈیسک)کراچی آج آنے والے غیر معمولی زلزلے سے پاکستان اور ایران سمیت کئی ممالک لرزاٹھے، زلزلے کا مرکز پاک ایران سرحدی علاقہ تھا،زلزلے کی شدت 7.8ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کے جھٹکے بھارت اور خلیجی ملکوں میں بھی محسوس کیے گئے ، زلزلے سے ایران میں زیادہ تباہی کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق سہ پہر 3بج کر چوالیس منٹ پر آنے والے زلزلے کا مرکز پاک ایران سرحدی علاقے میں تقریبا 82کلومیٹر گہرائی میں تھا، زلزلے کی زیادہ شدت ایران میں محسوس کی گئی تاہم اس کے جھٹکے خطے کے کئی ممالک میں محسوس کیے گئے ، پاکستان بھر کے علاقے اس کی شدت سے لرز اٹھے۔

ایرانی حکام اسے چالیس سال کا تباہ کن زلزلہ قرار دے رہے ہیں اور ابتدائی طور پر چالیس افراد کے ہلاک اور سیکڑوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، تاہم نقصانات کا صحیح اندازہ وقت گزرنے کے ساتھ ہی ہوسکے گا، پاکستان کے بیشتر شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔

جس سے بڑی بڑی عمارتیں لرز اٹھیں ،زلزلے کے جھٹکے چند سیکنڈ تک محسوس کیے گئے جس سے ملک بھر میں خوف کی لہر دوڑ گئی ، اور لوگ دعاوں کا ورد کرتے گھروں اورعمارتوں سے باہر آگئے۔ پاکستان کیعلاوہ بھارت کے کچھ علاقوں ، متحدہ عرب امارات، قطر، بحرین، کویت،عمان اور سعودی عرب میں بھی شدید زلزلہ محسوس کیا گیا۔