ایران میں کرونا کے متاثرین کی تعداد ایک کروڑ 80 لاکھ سے تجاوز کر گئی

Iran - Coronavirus

Iran – Coronavirus

ایران (اصل میڈیا ڈیسک) ‏ ایران میں انسداد کرونا وائرس قومی کمیٹی کے رکن مسعود مردانی نے کہا ہےکہ تجربہ گاہوں سے ملنے والی مصدقہ معلومات کے مطابق ملک میں کرونا وائرس کے متاثرین کی تعداد 1 کروڑ 80 لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ کرونا کے متاثرین کی مذکورہ تعداد کو پیش نظر رکھا جائے تو اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ملک کی 20 فی صد آبادی کرونا کا شکار ہوچکی ہے۔

ایران کی طلبا نیوز ایجنسی ایسنا کے مطابق مسعود مردانی نے کہا کہ مذکورہ اعدادو شمار ملک میں کرونا کےٹیسٹوں کی تعداد میں اضافے کے بعد سامنے آئے ہیں۔

ادھر ایرانی وزارت صحت کے مطابق ایران میں کرونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 11 ہزار 408 ہوگئی ہے۔ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کےدوران کرونا کے مزید 148 مریض ہلاک ہوئے ہیں۔

ایرانی وزارت صحت کی ترجمان سیما لاری نے کہاکہ ایران میں کرونا کے مصدقہ متاثرین کی تعداد 2 لاکھ 37 ہزار 878 ہوگئی ہے۔ پچھلے چوبیس گھںٹوں کےدوران 2449 نئے کیسز کی تصدیق کی گئی ہے۔