کِم جونگ اُن اس وعدے کو نہیں توڑیں گے جو انہوں نے مجھ سے کیا ہے: صدر ٹرمپ

 Donald Trump

Donald Trump

امریکا (جیوڈیسک) امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ مجھے یقین ہے کہ شمالی کوریا کے لیڈر’ کِم جونگ اُن’ اس وعدے کو توڑنے والا کوئی قدم نہیں اٹھائیں گے کہ جو انہوں نے جوہری پروگرام کے بارے میں مجھ سے کیا ہے۔

اپنے ٹویٹر پیج سے جاری کردہ پیغام میں صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ اس عجیب و غریب دنیا میں ہر چیز ممکن ہے لیکن مجھے یقین ہے کہ شمالی کوریا کے لیڈر کِم جونگ اُن اپنے ملک کی اقتصادی صلاحیت کا مکمل احساس رکھتے ہیں اور اس صلاحیت میں خلل ڈالنے والا کوئی کام نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا ہے کہ “کِم جونگ اُن کو معلوم ہے کہ میں ان کے ساتھ ہوں اور وہ مجھ سے کیا گیا وعدہ توڑنا نہیں چاہتے۔ سمجھوتہ طے پا جائے گا”۔

ٹرمپ کے اس بیان کا جنوبی کوریا کی فوج کی طرف سے شمالی کوریا کے میزائل فائر کرنے کا اعلان کرنے کے بعد جاری ہونا مرکز توجہ بنا ہے۔

واضح رہے کہ جنوبی کوریا کی فوج نے صدر ٹرمپ کے بیان سے چند گھنٹے قبل شمالی کوریا کی طرف سے چند مختصر مسافت کے میزائل فائر کئے جانے کا اعلان کیا تھا۔

علاوہ ازیں صدر ٹرمپ نے روس کے صدر ولادی میر پوتن کے ساتھ ٹیلی فونک ملاقات کے بارے میں شائع ہونے والی خبروں کو سوشل میڈیا سے شئیر کیا ہے۔

خبروں کے ساتھ اپنے بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ “ہم نے صدر پوتن کے ساتھ بہت اچھی ٹیلی فونک ملاقات کی۔ جھوٹے خبر میڈیا میں جو کچھ آپ پڑھ اور دیکھ رہے ہیں اس سب کے باوجود روس کے ساتھ اچھے تعلقات کے بہترین مواقع موجود ہیں”۔

صدر ٹرمپ نے کہا ہےکہ “یہی دیکھیں کہ اس جھوٹے میڈیا نے 2016 کے صدارتی انتخابات میں روس کے ساتھ میرے خفیہ سمجھوتے کے بارے میں کیسا فریب دیا ہے ۔ اصل میں دنیا زیادہ محفوظ جگہ بن سکتی ہے”۔