آن لائن کاروبار کے نام پر کروڑوں روپے لوٹنے والے ملزم گرفتار

Accused Arrested

Accused Arrested

پشاور (اصل میڈیا ڈیسک) نیب نے آن لائن کاروبار کے نام پر کروڑوں روپے لوٹنے والے ملزم وسیم زیب خان کو گرفتار کرلیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب) خیبرپختونخوا نے آن لائن کاروبار کے نام پر عوام سے کروڑوں روپے لوٹنے والے ملزم وسیم زیب خان کو گرفتار کرلیا، ملزم کا تعلق پبی نوشہرہ سے ہے۔

نیب کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ ملزم وسیم زیب نے آن لائن کمپنی میسرز www.pslashuk.com کے سینئر ڈائریکٹر کی حیثیت سے دیگر ملزمان سے مل کر آن لائن کاروبار اور جعلی اسکیموں کے ذریعے عوام کو بڑے پیمانے پر دھوکہ دہی سے لوٹا اور ان سے بھاری منافع کا لالچ دے کر رقوم اکٹھی کیں۔

نیب کے مطابق ویب سائٹ آن لائن دستیاب نہ ہوئی تو متاثرین نے مذکورہ ملزم سے رقم واپس کرنے کا مطالبہ کیا تاہم اس نے رقم واپس کرنے سے انکار کر دیا، تفتیش میں پتہ چلا کہ ملزم نے دھوکہ دہی اور فراڈ سے معصوم لوگوں کو ان کی محنت کی کمائی سے محروم کرکے 500 ملین روپے لوٹے۔

ڈائریکٹر جنرل نیب خیبرپختونخوا بریگیڈیئر (ر) فاروق نصراعوان نے بتایا کہ کیس کے حوالے سے نیب کو اب تک 700 سے زائد شکایات موصول ہو چکی ہیں۔ ملزم کو احتساب عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں عدالت نے ملزم وسیم زیب کو 8 دن کے جسمانی ریمانڈ پر نیب خیبرپختونخوا کے حوالہ کر دیا۔